
راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور ان سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ایک جامع آگاہی مہم بھی جاری رکھی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے بلند عمارتوں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس ضمن میں مساجد سے اعلانات اور گھر گھر پمفلٹس کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ عوام کو ان سرگرمیوں کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔
پولیس افسران تعلیمی اداروں میں جا کر پتنگ بازی کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے حوالے سے لیکچرز دے رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو اس خطرناک کھیل سے بچایا جا سکے۔
اس کے علاوہ، پتنگ بازی اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے، جس کے دوران اب تک 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 30,000 سے زائد پتنگیں اور 450 سے زائد ڈوریں برآمد کی گئی ہیں۔
آن لائن پتنگ فروشوں کے خلاف بھی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام نے اس بات کی وضاحت کی کہ پتنگ بازی ایک قابل تعزیر اور ناقابل ضمانت جرم ہے جس کی سزا 3 سال سے 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتی ہے۔
پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی عمارت کی چھت سے پتنگ بازی یا ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے تو اس عمارت کے مالکان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے اور فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید شدت لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو ان خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News