
وزیراعظم کی گوادر پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر آپریشنل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر آپریشنل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے گوادر پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر آپریشنل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے کے لیے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جب کہ کمیٹی گوادر پورٹ کو جدید اور مکمل فعال بندرگاہ بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
وزیراعظم نے گوادر پورٹ کی افادیت سے آگاہی کے لیے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بہترین مارکیٹنگ اور آگاہی کی حکمت عملی بنائی جائے اور گوادر بندرگاہ کے حوالے سے سفارتی کوششیں تیز کی جائیں۔
وزیراعظم نے گوادر بندرگاہ سے کی جانے والی درآمدات اور برآمدات کی تفصیل طلب کرلی ہیں جب کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گوادر پورٹ پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔
بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ خلیج فارس تک کم خرچ اور کم وقت میں رسائی مہیا کرنے اور ٹرانس شپمنٹ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بندرگاہ بلوچستان کے کان کنی اور ایکوا کلچر کے شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ سے چین کے مغربی علاقے اور وسط ایشیائی ریاست مستفید ہو سکیں گی۔ گوادر فری زون کو تمام وفاقی، صوبائی اور مقامی ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں انہوں نے مزید بتایا کہ 2018 سے 2022 کے دوران گوادر پورٹ کی ڈریجنگ کے حوالے سے مجرمانہ غفلت برتی گئی۔ 2022 سے 23 میں پورٹ کی ڈریجنگ مکمل کی گئی جس سے گہرائی بحال ہوچکی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News