وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف 24 اور 25 فروری کو آذربائیجان کا دو روزہ دورہ کریں گے، جو صدر الہام علییف کی دعوت پر کیا جائے گا۔
یہ وزیر اعظم کا آذربائیجان کا دوسرا دورہ ہے، جس کے دوران اہم اقتصادی، تجارتی اور دفاعی مذاکرات متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آذربائیجان جائے گا، جس میں حکومتی اور تجارتی شخصیات شامل ہوں گی۔
دورے کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان توانائی، تجارت اور دفاع کے شعبوں میں متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف آذربائیجان بزنس فورم سے کلیدی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے اور نئے تجارتی مواقع کے فروغ پر زور دیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیر اعظم اور آذربائیجان کے صدر کا مشترکہ دورۂ فوزولی (کاراباخ) بھی متوقع ہے، جو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم علامت ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات میں مزید استحکام لانے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا اور پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
