پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے وفد کی پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دروان وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اور پاکستان کی شراکت داری گزشتہ سات دہائیوں ہر محیط ہے، عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان میں بڑے منصوبے تعمیر ہوئے، ان منصوبوں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری سے استفادہ حاصل کیا،عالمی بینک نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان میں متاثرہ لوگوں کی مدد کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے، 20ارب ڈالر سے پاکستان میں مختلف منصوبوں سے ترقی کا نیا باب کھلے گا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا، پاکستان کا ادارہ جاتی و معاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت صحیح سمت اور ترقی کی جانب گامزن ہے، ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے ابھی مزید سفر طے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے، شرح سود کم ہونے سے پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، کرپشن کو کنٹرول کرنے کیلئے نظام میں شفافیت لا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات میں ڈیجیٹلائزیشن پر کام جاری ہے، بجلی شعبے کی اصلاحات سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور خسارے میں کمی لا رہے ہیں، ایس آئی ایف سی کی بدولت ملک میں سرمایہ کاری کیلئے پر کشش ماحول فراہم کیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
