
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ 15 خارجی ہلاک، 4 جوان شہید
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 15 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس دوران 9 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مارے جانے والے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد فرمان عرف ثاقب، امان اللہ عرف طوری، سعید عرف لیاقت اور بلال شامل تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کی جس دوران 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف شہید، لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کی عمر 21 اور تعلق لاہور سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بے جگری سے جام شہادت نوش کیا جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 3 سپاہیوں نے بھی جان کا عظیم نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والے سپاہیوں میں نائب صوبیدار محمد بلال شامل ہیں، شہید کی عمر 39 برس اور تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔
علاوہ ازیں سپاہی فرحت اللہ شہید کی عمر 27 برس اور تعلق لکی مروت سے تھا جب کہ سپاہی ہمت خان شہید کی عمر 29 سال اور تعلق ضلع مہمند سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News