
بول نیوز کے پروگرام بیوپار میں گفتگو کرتے ہوئے آباد کے چیئرمین حسن بخشی کا کہنا تھا کہ ہم نے متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ایف بی آر سے ٹرانزیکشن کی حد ایک کروڑ سے ڈھائی کروڑ رکھنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرچیز اور سیل پر ٹیکس 4،4 فی صد ہے، جس کو کم کر کے 3 فی صد کیا جا رہا ہے، یہ ایڈوانس ٹیکس ہے جو آپ کی فائنل لائبلیٹی میں ضم ہوتا تھا، ٹرانزیکشن پر لیکویڈٹی کے مسائل کی وجہ سے اپ فرنٹ بہت زیادہ کاسٹ آ رہی ہے۔
حسن بخشی کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ اس ٹیکس کو ختم کیا جائے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فیکٹری میں بننے والی لگژری آئٹمز پر لگایا جاتا ہے، جبکہ ہمارا آئٹم لگژری ہے اور نہ ہی یہ کسی فیکٹری میں بنتا ہے میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ ٹیکس غلط لگایا گیا تھا۔
ایف بی آر نے ہمیں ایک پریزنٹیشن دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 95 یا 96 فی صد وہ درمیانے اطبقے کے لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان میں ابھی تک کوئی پراپرٹی نہیں خریدی اور ان کی ٹرانزیکشن ایک کروڑ روپے سے کم ہے۔
ہمیں اس درمیانے طبقے کے لیے سوچنا ہو گا جو اپنا مکان بنا سکیں تاکہ ان کا پاکستان کے ساتھ رابطہ رہے ایسا نہ ہو کہ یہ لوگ کرائے کے مکان میں رہیں اور پھر بیرون ملک چلے جائیں۔
ملک میں اگر کوئی شخص زندگی میں پہلی مرتبہ اپنا گھر خریدے گا تو اس کی حوصلہ افزائی کی ایک موزوں کوشش ہے۔
ایک سوال کے جواب میں آباد کے چیئرمین حسن بخشی نے کہا کہ ہم نے ایف بی آر کو تجویز دی ہے کہ کم از کم ایک کروڑ کی حد کو بڑھا کر ڈھائی کروڑ کیا جائے۔
ہم نے یہ تجویز اس لیے دی ہے کہ مہنگائی اور کنسٹرکشن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں کہ 5 افراد پر مشتمل ایک اوسط گھرانہ ایک کروڑ میں اپنا گھر یا فلیٹ خرید سکے۔
ایف بی آر نے ابھی صرف ایک کروڑ کی اجازت دی ہے مگر امید ہے کہ بجٹ یا اس سے پہلے ایف بی آر اس لمٹ کو بڑھا دے گی۔
دو منزلہ گھروں کو تین منزل تک بنانے کی اجازت دینے کے سوال پر حسن بخشی کا کہنا تھا کہ یہ ایک تجویز ہے جو فیڈرل گورنمنٹ صوبائی حکومتوں کو دے گی، اب اس پر عملدرآمد کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین منزلہ عمارت بنانے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو اپنی ٹاؤن پلاننگ کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہاں پانی، گیس، بجلی، سیوریج اور پارکنگ وغیرہ کی سہولت میسر ہے یا نہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News