دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مسجد میں دھماکا، مولانا حامد الحق سمیت 4 افراد شہید
نوشہرہ: دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں مولانا حامد الحق سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکا ہوا جس کےنتیجے میں جے یو آئی (س) کے مرکزی رہنما مولانا حامد الحق حقانی سمیت 4 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق دھماکے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کا کہنا ہے مولانا حامد الحق حقانی کے جسد خاکی کو سی ایم ایچ نوشہرہ منتقل کیا گیا ہے جب کہ دھماکے میں اب تک 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
عرفان اللہ محسود کا کہنا تھا دھماکا مسجد کے اس خارجی راستے پر کیا گیا جس سے مولانا حامدالحق نماز کے بعد گھر جاتے تھے، دھماکا اس وقت کیا گیا جب مولانا حامدالحق رہائش گاہ کے لیے جا رہے تھے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلی حکام سے جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
گورنر فیصل کنڈی نے مولانا حامد الحق حقانی اور دیگر افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک دھماکہ اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ملی بھگت کا خمیازہ نہ جانے کب تک صوبہ بھگتے گا، صوبے میں دہشت گردوں کو بسانے والے حکمرانوں سے نجات انتہائی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
