
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 7 مارچ کو بلانے کی تیاریاں
اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 7 مارچ کو بلانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس سے صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 7 مارچ کو بلانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کے بعد قومی اسمبلی کے نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ 16 ویں قومی اسمبلی کی تشکیل کے بعد صدر آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ سے دوسرا خطاب ہوگا جب کہ صدر زرداری کا قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے یہ ریکارڈ آٹھواں خطاب ہوگا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت نے عام انتخابات کے بعد گزشتہ برس 18 اپریل کو پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔
2008 سے 2013 تک ایوان صدر میں اپنے پانچ سالہ دور کے دوران وہ پہلے ہی چھ بار پارلیمنٹ سے خطاب کرچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ موجودہ قومی اسمبلی کا پہلا پارلیمانی سال مکمل ہوگیا ہے اور نیا پارلیمانی سال صدر مملکت کے خطاب سے شروع ہوتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے خطاب میں حکومت کی معاشی پالیسیوں، سیاسی صورتحال اور درپیش قومی مسائل پر اظہار خیال کریں گے۔
ذرائع نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور نے حکومت کی ایک سالہ کامیابیوں اور پالیسیوں کے حوالے سے مواد حاصل کرلیا ہے، صدر کے خطاب میں حکومت کی ایک سالہ کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صدر زرداری سیاسی صورت حال کی بہتری کے لئے تجاویز بھی پیش کریں گے جب کہ چاروں گورنرز، وزرائے اعلیٰ، مسلح افواج کے سربراہ اور سفارتی نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اہم شخصیات کو بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مدعو کیا جائے گا۔ آئین کے آرٹیکل 56 (تین) کے تحت صدر مملکت پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News