
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے قلات میں آپریشن کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا تاہم اس دوران ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی طرف سے قلات کے علاقے منگوچر میں 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب سڑکیں بند کرنے کی کوشش کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سڑکیں بند کرنے کا اقدام دشمن اور مخالف قوتوں کے ایماء پرکیا گیا جب کہ دہشت گردی کا یہ بزدلانہ اقدام بلوچستان کے پرامن ماحول کو تباہ کرنے کے لئے تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سڑکیں بند کرنے کا مقصد بنیادی طور پر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا تھا جس کے بعد دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی فورسز اور قانون ناذ کرنے والے اداروں کو فوری متحرک کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملادیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے تاہم دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں 18 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ شہید جوانوں کا تعلق ایف سی بلوچستان سے تھا، قلات میں دہشت گردوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے خلاف متحد ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News