
ایم کیو ایم کی کے الیکٹرک پر کڑی تنقید
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی حسان صابر اور حفیظ الدین نے کے الیکٹرک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی حسان صابر نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کےالیکٹرک نے تاروں سے تانبا نکال کر بیچا، سردیوں میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ نااہل ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے عدالت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس رینیو کیا گیا جس کو دیکھا جانا چاہیے اور کے الیکٹرک کے اعمال پر اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے۔ احتجاج سے بھی نااہل انتظامیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا جب کہ صرف ایک ماہ کا بل ادا نہ کرنے پر بھی بجلی کاٹ دی جاتی ہے۔
حسان صابر کہتے ہیں کہ کے ایم سی کے چارجز بھی کے الیکٹرک کے ذریعےوصول کیے جارہے ہیں، کراچی والوں سے بجلی کی مد میں اضافی سرچارجز لیے جاتے ہیں، کے الیکٹرک کراچی میں ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والوں کے ساتھ کے الیکٹرک کے ظلم کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ بجلی کا استعمال کم ہونے کے باوجود بجلی میئسر نہیں ہے، کےالیکٹرک کی نااہلی 2004 سے ہی سامنے آگئی تھی۔
دوسری جانب رہنما ایم کیوایم حفیظ الدین کا بول نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کے الیکٹرک پر کمیشن بننا چاہیے، کے الیکٹرک اور کے ایم سی نے کراچی کو تباہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو کورونا کی سبسڈی دینی تھی لیکن وہ عدالت سے اسٹے لیتی رہی ہے۔ بطور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی صنعت کال کرتا ہوں تو یہ آتے نہیں، کےالیکٹرک کو اب فائنل نوٹس دیا ہے جب کہ کےالیکٹرک پر کمیشن بننا چاہیے۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک بجلی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور 200 ارب روپے کی حکومتی سبسڈی کے باوجود بھی ایک میگا واٹ تک بجلی پیدا نہیں کرسکی ہے جب کہ کے الیکٹرک پر 9 فیصد شیئرز رکھنے والا الجمیح کروپ غیر قانونی طور پر قابض ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News