
خواتین کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں؛ اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق کا یوم خواتین کے موقع پر کہنا ہے کہ خواتین کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں۔
عالمی یوم خواتین کے موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں اور حکومت اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ خواتین کو ہر میدان میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تعلیم، معیشت اور گورننس میں خواتین کا کردار قابل فخر ہے اور خواتین اور مرد برابر کے شراکت دار ہیں، دقیانوسی سوچ کو ختم کرنا ضروری ہے تاکہ خواتین کی مکمل شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی یافتہ معاشروں کے قیام کے لیے خواتین کی شرکت ناگزیر ہے اور حکومت خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع دینے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین سفارت کاری، سیاست اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی ترقی کے بغیر خوشحال پاکستان کا خواب مکمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں مزید شامل کرنے اور معاشی ترقی میں ان کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر پالیسیاں لا رہی ہے۔
انہوں نے نوجوان لڑکیوں کی تعلیم اور فنی مہارت پر خصوصی توجہ دینے کا بھی وعدہ کیا اور کہا کہ حکومت خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ خواتین کو کاروباری مواقع دینے کے لیے نئی اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو بہتر طریقے سے آگے بڑھا سکیں۔
اسحاق ڈار مزید کہتے ہیں کہ پاکستانی خواتین دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں اور حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید قانون سازی کرے گی تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے اور انہیں معاشرتی سطح پر مزید عزت اور مقام حاصل ہو۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News