
دریائے سندھ پر متنازعہ کینال منصوبے کے خلاف پیپلزپارٹی کا احتجاج، سندھ بھر میں ریلیاں
کراچی: دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے خلاف پیپلزپارٹی کی جانب سے صوبے کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکال کر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی قیادت میں ٹھٹھہ سے دولھ دریا خان پل تک ریلی نکالی گئی، جہاں کارکنوں نے دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا۔
دھرنے میں ایم این اے صادق علی میمن، ایاز شاہ شیرازی، صوبائی وزراء ریاض شاہ شیرازی اور محمد علی ملکانی نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پرنثار کھوڑو نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ اور پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے، پیپلز پارٹی اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
دوسری جانب خیرپور میں بھی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ ایم این اے نفیسہ شاہ، نواب وسان اور جاوید شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں خواتین و مردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ دریا سندھ پر کینال نکالنے کا مقصد سندھ کی سرسبز زمینوں کو بنجر کرنا ہے۔ نواب وسان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس منصوبے کو واپس لے۔
جیکب آباد میں بھی پیپلز پارٹی کے کارکنان نے احتجاجی ریلی نکالی جو پیپلز سیکرٹریٹ سول اسپتال سے شروع ہوکر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ کارکنوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے کینال نکالنا سندھ دشمن منصوبہ ہے جسے کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
نواب شاہ میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ، ایم پی اے غلام قادر چانڈیو اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
شرکاء نے واضح کیا کہ دریائے سندھ پر کینال نکالنے کا فیصلہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
غلام مصطفیٰ شاہ نے اعلان کیا کہ 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے میں صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اس معاملے پر اپنا لائحہ عمل پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News