دہشت گردوں کا کوئی نظریہ نہیں، ان کا مقصد صرف دہشت پھیلانا ہے؛ بلاول بھٹو
اسلام آباد: بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی نظریہ نہیں، ان کا مقصد صرف دہشت پھیلانا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک پرانا چیلنج ہے جس نے ملک کو بے شمار نقصان پہنچایا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے، چاہے وہ مذہبی دہشت گردی ہو یا سیاسی انتہاپسندی۔ پاکستان میں دہشت گردی کی آگ چاروں صوبوں میں پھیل چکی ہے اور یہ مسلسل خطرہ بن چکا ہے۔
انہون نے اپنی ذاتی زندگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں انہیں وزیراعظم کے گھر سے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور اس ناکام واقعہ کے بعد ان کی والدہ بے نظیر بھٹو نے انہیں لندن میں محفوظ رکھا۔
پاکستان کی ترقی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری
بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کے لیے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے اور اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا، ان کا مقصد صرف دہشت پھیلانا اور بے گناہ عوام کو نشانہ بنانا ہوتا ہے۔ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ لڑی اور دہشت گردوں کی کمر توڑ دی تھی تاہم بدقسمتی سے اب تک تمام کامیابیاں کھوچکی ہیں۔
پاکستان کو ماضی سے زیادہ خطرناک دور کا سامنا
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان اس وقت ماضی سے زیادہ خطرناک دور سے گزر رہا ہے اور اس وقت ہم دہشت گردی کے خلاف اتحاد اور سیاسی اتفاق رائے کے فقدان سے روبرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں دہشت گردی کے خلاف مزید کامیابیاں حاصل کرنی ہیں تو ہمیں عالمی قوتوں اور دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا جب کہ دہشت گردوں کا مقصد صرف پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے وہ ہر حربہ استعمال کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل بڑھ رہا ہے اور ہر دہشت گردی کا واقعہ پچھلے سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔
افغانستان سے دہشت گردی نہ روکی گئی تو پورا خطہ متاثر ہوگا
بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان سے دہشت گردی کو نہ روکا گیا تو پورا خطہ اس کا شکار ہو جائے گا۔ بین الاقوامی قوتیں دہشت گردوں کے پیچھے کھڑی ہیں اور ہمیں عالمی سطح پر ان دہشت گرد گروپوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی۔
اپوزیشن کو صدر زرداری کی تقریر پر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے تھا
بلاول بھٹو نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی تقریر پر اپوزیشن کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے تھا۔ صدر زرداری نے مشترکہ اجلاس میں جامع اور بھرپور تقریر کی تھی اور اپوزیشن کو اس پر تنقید کرنے کی بجائے ملک کے مفاد میں کام کرنا چاہیے تھا۔
جعفر ایکسپریس حادثہ پر بلاول بھٹو کا افسوس
بلاول بھٹو نے جعفر ایکسپریس ٹرین کے حالیہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت سے اس سانحہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
