پاکستان اور چین کا 14 ویں جے سی سی اجلاس کے جولائی میں انعقاد پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان اور چین نے 14 ویں جے سی سی اجلاس کے جولائی میں انعقاد پر اتفاق کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں گوادر کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے میں تاخیر پر وزیر نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے کیسکواور پاور ڈویژن کو پانچ دن میں بجلی فراہمی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جب کہ اجلاس میں گوادر کے ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے فعال نہ ہونے پر وزیر منصوبہ بندی نے تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ایک ہفتے میں مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دی۔
چینی امداد سے فراہم کردہ زرعی آلات اور سولر پینلز کی تقسیم میں تاخیر پر وفاقی وزیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خوراک کو تین دن کے اندر جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت دی۔
احسن اقبال نے ریلوے کے ایم ایل-1 منصوبے پر پیش رفت کے لیے چینی ماہرین کے دورے کی تیاری کا حکم دیا اور اقتصادی امور ڈویژن کو چینی حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے تیز رفتار اقدامات کیے جاسکیں۔
نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجیز کے معاہدے پر وزارت آئی ٹی کو مذاکرات اور عمل درآمد میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔
علاوہ ازیں احسن اقبال نے 14 ویں جے سی سی اجلاس سے قبل تمام ورکنگ گروپ اجلاسوں کی تیاری کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وفاقی وزیر نے سی پیک کے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کی ہدایت دی اور کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو تیاریاں مکمل کرنی ہوں گی تاکہ 14ویں جے سی سی اجلاس کے لیے تمام امور بروقت مکمل ہوں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
