
یوم پاکستان: مادر وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، صدر مملکت
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مادر وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
صدر آصف زرداری نے یوم پاکستان کی تقریب کے شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج کےدن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتےہیں، ان قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم نے بہت سی قربانیاں دے کرآزادی حاصل کی ہے، بھارت ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے، دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھائیں گے، ہمارے پاس مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت ہے، سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیرکی، آئندہ بھی کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ مادر وطن کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے، ہم نے بیرونی، اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو، نوجوان نسل نفرت، مایوسی پھیلانے والےعناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ وطن کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے، فتنہ الخوارج، دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ففتھ جنریشن وارفیئر ایک اہم چیلنج ہے، ہم باحوصلہ قوم، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایوان صدر میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ
قبل ازیں ایوان صدر میں یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں تنیوں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستوں نے حصہ لیا۔
صدر مملکت آصف زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کی قیادت اور غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی روایتی بگھی میں آمد ہوئی، بگل بجا کر آمد کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا اور پریڈ کا معائنہ کیا۔
تقریب کے دوران آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور قومی پرچم کو سلامی دی۔
یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرکے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا، پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا، جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16، جے 10 سی، میراج طیاروں کے ذریعے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔
مارچ پاسٹ کرتے دستوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو سلامی بھی دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News