اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جاری نسل کشی پر خاموش تماشائی نہ بنے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ اسرائیل کو یقین ہے کہ سلامتی کونسل اس کے خلاف ایکشن لینے میں ناکام رہے گی جس کی وجہ سے وہ بے خوف ہو کر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں رہائشی عمارتوں، اسپتالوں، اسکولوں اور مساجد کو نشانہ بنایا جو کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں اور حملے دراصل فلسطینیوں کو مغربی کنارے سے نکالنے کی ایک منظم کوشش ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جارحیت کو روکا جائے، ورنہ دنیا ایک ایسے جہنم میں تبدیل ہو جائے گی جہاں صرف تصادم اور تباہی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے 90 فیصد سے زائد غزہ کی آبادی بھوک کا شکار ہو چکی ہے جو ایک سنگین انسانی بحران کی نشاندہی کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
