کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب بم دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 17 زخمی
کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر واقع بڑیچ مارکیٹ کے سامنے پولیس گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا، جس سے گاڑی کو بھی نقصان پہنچا اور جائے وقوعہ پر کھڑی موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی۔
ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، سیکیورٹی فورسز جائے موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ترجمان سول اسپتال نے بتایا کہ ڈبل روڈ دھماکے کے 17 زخمی سول اسپتال کوئٹہ لائے گئے ہیں جبکہ دھماکے میں شہید ہونے والے دو افراد کی میتیں بھی اسپتال لائی گئی ہیں، اسپتال لائے گئے تمام مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے دھماکے کی شدید مذمت
حکومت بلوچستان کی جانب سے دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
انکا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں ایسی مذموم کارروائیاں دہشتگردوں کے مکروہ مقاصد کی عکاسی کرتی ہیں۔
صدر نے دھماکے میں جاں بحق افراد کیلئے بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کو ٹارگٹ کررہی ہیں، عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد معصوم عوام اور ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں، دہشتگردوں کو جلد ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس مبارک ماہ میں اس طرح کے واقعات افسوسناک ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی پاک افواج کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
