
پاکستان اور روانڈا کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور روانڈا کے درمیان مختلف یادداشتوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔
پاکستان اور روانڈا کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ اسحاق ڈار اور اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
اس دوران دونوں وزرائے خارجہ اسحاق ڈار اور اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر تبادلہ بھی ہوا۔
پاکستان روانڈا سے مختلف درآمدات میں اضافے کا خواہاں ہے، اسحاق ڈار
روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور روانڈا نے سفارت کاری کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں، آج پاکستان اور روانڈا کے درمیان تمام امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2021 میں اپنا ہائی کمیشن کیگالی میں قائم کیا، خوشی ہے کہ روانڈا کے پاکستان میں ہائی کمیشن کا افتتاح ہو رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان روانڈا سے چائے، کافی اور ایووکاڈو کی درآمد میں اضافے کا خواہاں ہے، پاکستان اور روانڈا یو این اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات، تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان ٹیکسٹائل، چاول سمیت دیگر مصنوعات کی برآمد میں عالمی پہچان رکھتا ہے
فی الحال روانڈا پاکستان کو 26 ملین ڈالر کی برآمدات کررہا ہے، وزیر خارجہ روانڈا
دوسری جانب روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی روانڈان وزیر خارجہ کا پہلا دورہ پاکستان ہے، پاکستان اور روانڈا دیگر شعبوں میں بھی ایم او یوز پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روانڈا کے اعلیٰ سول و عسکری حکام نے حال ہی میں پاکستان کے دورے کیے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے دوطرفہ بات چیت کافی مفید رہی، فی الحال روانڈا پاکستان کو صرف 26 ملین ڈالر کی برآمدات کر رہا ہے، روانڈا پاکستان کو اعلیٰ معیار کی چائے برآمد کرنا چاہتا ہے۔
وزیر خارجہ روانڈا نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کرکٹ کے شائقین ہیں، پاکستان اور روانڈا عالمی امن کے لئے پرعزم ہیں، پاک روانڈا تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر روانڈا کے وزیر خارجہ 21 تا 22 اپریل پاکستان کے دورہ پر ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News