
وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی
واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی کے دورے کا آغاز آج آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کی سالانہ اسپرنگ میٹنگز 2025 کے موقع پر متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے کیا۔
اس موقع پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر خزانہ اور یم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پاکستان کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس دوران وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے ٹیکس، توانائی، نجکاری اور سرکاری اداروں میں کی جانے والی اصلاحات جاری رکھنے کی مکمل یقین دہانی کروائی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اقتصادی امور، گورنر اسٹیٹ بینک، آئی ایم ایف مشن چیف اور دیگر آئی ایم ایف حکام شریک تھے۔
وزیر خزانہ کی ڈیلوئٹ ٹیم سے ملاقات
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ/آئی ایم ایف اسپرنگ اجلاس 2025 کے موقع پر ڈیلوئٹ ٹیم سے بھی ملاقات کی۔
وزیر خزانہ نے ڈیلوئٹ ٹیم کو پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال، حکومت کے شعبہ جاتی ترقیاتی ایجنڈے اور برآمدات پر مبنی ترقیاتی ترجیحات سے آگاہ کیا۔
دوران ملاقات توانائی کے شعبے میں اصلاحات، قیمتی معدنیات کی تلاش و مارکیٹنگ، نجکاری، ٹیکنالوجی کے امور پر بات جیت کی گئی اور کرپٹو پالیسی اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے نفاذ کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔
بعدازاں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیلوئٹ ٹیم کی مئی 2025 میں پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News