
وزیراعظم کا فچ کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت عالمی برادری کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو ’’ٹرپل سی پلس‘‘ سے ’’بی مائنس‘‘ تک بہتر بنانا انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے، فچ نے نہ صرف ریٹنگ میں بہتری کی بلکہ پاکستان کے معاشی آؤٹ لک کو بھی ’’مستحکم‘‘ قرار دیا ہے جو حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری کے لیے موجودہ حکومت دن رات محنت کر رہی ہے اور ان کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہونا پوری قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریٹنگ میں بہتری سے پاکستان کی عالمی مالیاتی اداروں میں ساکھ مضبوط ہو گی اور سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنے گا جو مستقبل میں ترقی کا راستہ ہموار کرے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی معاشی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے حکومتی معاشی ایجنڈے کی کامیابی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فچ کی ریٹنگ سے نہ صرف پاکستان کی معیشت پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ پیش رفت سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کا باعث بھی بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور ریٹنگ میں بہتری سے صنعتی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات اور استحکام کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں معاشی صورتحال میں مزید بہتری اور استحکام متوقع ہے اور سرمایہ کاروں و مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
واضح رہے کہ فچ نے حال ہی میں پاکستان کی غیر ملکی کریڈٹ ریٹنگ کو ’’ٹرپل سی پلس‘‘ سے بڑھا کر ’’بی مائنس‘‘ کر دیا ہے اور آؤٹ لک کو بھی مستحکم قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News