سندھ حکومت نے کراچی کے سات سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت محکمہ صحت کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز کی حالت بہتر بنانے سے نہ صرف مریضوں کو فوری طبی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ بڑے اسپتالوں پر دباؤ میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سات سرکاری اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جن میں سندھ گورنمنٹ اسپتال ابراہیم حیدری، کورنگی نمبر 5، کوریڈور لانڈھی 2 اے، سعودآباد (ملیر)، مراد میمن اسپتال، نیو کراچی اسپتال اور لیاقت آباد اسپتال شامل ہیں۔
چیف سیکریٹری نے اسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی وارڈز کی تنظیم نو کے لیے تفصیلی منصوبہ، نقشے اور ڈیزائن فوری طور پر محکمہ صحت کو فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی جلد تیاری اور عمل درآمد کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
آصف حیدر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور ایمرجنسی خدمات کی بہتری اس ضمن میں ایک اہم قدم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
