
لیگی وزراء کے بیانات جاری رہے تو ہم بھی ترجمانوں کو نہیں روک سکیں گے، شرجیل میمن
کراچی: سینیئر صوبائی وزیر و وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لیگی وزراء کے بیانات جاری رہے تو ہم بھی ترجمانوں کو نہیں روک سکیں گے۔
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے سنجیدہ لوگوں سے بات ہورہی ہے، کچھ وزراء بیانات دے رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے ایسے وزراء ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں، ن لیگی قیادت کو ایسے وزراء کو بیانات سے روکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف بیانات دینے والوں کو سمجھائیں، وزراء بیانات دے کر وفاق کو مشکل میں ڈالنا چاہتے ہیں، لیگی وزراء کے بیانات جاری رہے توہم بھی ترجمانوں کو نہیں روک سکیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کینالز پر اعتراض ہے لیکن سڑکیں بلاک نہیں کررہے، فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف نے ہی کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں نظام اور اسمبلیاں چلیں، یہ بتائیں کینالز کے لیے پانی کہاں سے لائیں گے؟ ہم سندھ کے حصے کا ایک قطرہ پانی بھی نہیں دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نہروں کے معاملے پر رانا ثناء اللہ سے 3 بار بات ہوچکی ہے، رانا ثناء اللہ نے فون کر کے بتایا کہ وزیراعظم مسئلے کا حل چاہتے ہیں، ہمارے پاس نئے پانی کیلئے وسائل نہیں ہیں، امید ہے وزیراعظم شہبازشریف اس مسئلے کوحل کریں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے حامی دریا بچاؤ تحریک کی بات کررہے ہیں، سندھ حکومت اپنے مؤقف پر پہلےدن سے قائم ہے، لوگ کہتے ہیں پیپلزپارٹی خاموش تھی بعد میں جاگی ہے، سب سے پہلے سندھ حکومت نے کینالز منصوبے کی مخالفت کی، ہماری کوشش رہی کینالز مسئلے کو حل کی طرف لیکر جایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے سی سی آئی اجلاس ہر 90 دن میں ہونا ہے، چاہتے ہیں سی سی آئی کا اجلاس ہوتا کہ سندھ کا مؤقف پہنچے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کینالز کیخلاف مختلف قراردادیں بھی پاس ہوئیں، وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو خطوط لکھے، سی سی آئی میٹنگ کےحوالے سے بھی بیشتر خطوط لکھے گئے، صدر نے جوائنٹ سیشن میں مؤقف دیا کہ نہروں کو سپورٹ نہیں کرتے۔
انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی نے ایک ہی مؤقف رکھا کہ کینالز نہ بنائی جائیں، پیپلزپارٹی کسی کے کہنے پر نہیں اپنی مرضی سے فیصلہ کرے گی۔
شرجیل میمن نے نے مزید کہا کہ کینالزکے معاملے پر لوگوں کے خدشات جائز ہیں، آئینی طور پر سب کو احتجاج کا حق ہے، ہماری دھرنے دینے والوں سے درخواست ہے کہ براہ مہربانی سڑکوں کو بلاک نہ کریں، گزارش ہے جہاں دھرنے دینے ہیں جگہ ہم دیں گے، احتجاج کریں لیکن سب کا احساس بھی کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News