اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخی خطاب؛ تعلیم کے شعبے میں انقلابی وژن پیش
انقرہ: اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے تاریخی خطاب کرتے ہوئے تعلیم کے شعبے میں انقلابی وژن پیش کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ترکیہ میں منعقدہ ’’اناطولیہ ڈپلومیسی فورم‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی انقلابی طاقت پر زور دیا اور عالمی سطح پر گرلز ایجوکیشن کے لیے معاہدے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں تعلیم، ٹیکنالوجی اور سماجی مساوات کے میدان میں پنجاب حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو دنیا کے سامنے رکھا۔
خطاب میں مریم نوازشریف نے کہا کہ ان کا مشن ہے کہ ہر بچہ نہ صرف اسکول میں داخل ہو بلکہ کامیابی سے اپنی تعلیم مکمل بھی کرے۔ پنجاب میں 4 ہزار سے زائد پرائمری اسکولز کو ایلیمنٹری سطح پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جب کہ 6 ہزار اسکولوں میں ڈیجیٹل لرننگ رومز قائم کیے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ترک جامعات کو پنجاب میں کیمپسز کھولنے کی دعوت دی اور ترکیہ کے ساتھ طلبہ کے ایکسچینج پروگرامز، نوجوانوں کے لیے مراکز کے قیام اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
مریم نواز نے گرلز ایجوکیشن کے حوالے سے جذباتی انداز میں کہا کہ پنجاب کی ہر طالبہ کے لیے ایک ماں کی طرح سوچتی ہوں۔ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ امید اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت 50 ہزار ذہین طلبہ کو اسکالرشپ دی جا رہی ہے جن میں 50 فیصد لڑکیاں شامل ہیں۔ پنجاب میں میرٹ پر 30 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے اور اساتذہ کی تربیت کے لیے مستقل ادارہ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف نصاب تک محدود نہیں بلکہ استاد کی قابلیت اور طلبہ کی انفرادی ضروریات کا بھی احاطہ کرتی ہے۔ آرٹیفشل انٹیلی جنس یونیورسٹی اور محمد نوازشریف انٹرنیٹ سٹی جیسے منصوبے تعلیم اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرنے کے لیے اہم سنگ میل ہیں۔
مریم نوازشریف نے تعلیم کو معاشرتی مساوات، انسانی ہمدردی اور اقوام عالم کے درمیان پل قرار دیتے ہوئے فلسطین، افغانستان، سوڈان اور کشمیر کے مظلوم بچوں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ہم صرف پاکستان نہیں بلکہ انسانیت کے مستقبل کے لیے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے ترک خاتون اول آئمنہ اردگان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم خواتین قیادت کا کامیاب ماڈل ہے جو تعلیم جیسے بنیادی انسانی حق کو عالمی سطح پر اجاگر کررہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
