
محسن نقوی اور امریکی کانگریس مینز کا کرتار پور راہداری کا دورہ، بیساکھی میلے میں شرکت
نارووال: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مینز کے وفد کے ہمراہ سکھ برادری کی خوشیوں میں شرکت کے لئے کرتار پور راہداری کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مینز کے وفد کے ہمراہ بیساکھی میلے کے دوران کرتار پور راہداری کا دورہ کیا۔
امریکی وفد میں امریکی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی، امریکی کانگریس مین جوناتھن جیکسن، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز بھی شامل تھے۔
وفد کا کرتار پور راہداری پہنچنے پر سکھ برادری کی سرکردہ شخصیات نے درشنی ڈیوڑی کے باہر پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔
محسن نقوی اور امریکی کانگریس مینز نے بیساکھی میلے کی سکھ برادری کو مبارکباد دی اور اس دوران گوردوارہ صاحب کا دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران انہیں بابا گرونانک دیو جی سے وابستہ مختلف اشیاء دیکھنے کا موقع ملا اور گوردوارہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
علاوہ ازیں محسن نقوی اور امریکی وفد نے گوردوارہ صاحب میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور تاریخی کنواں بھی دیکھا۔ وفد کو کرتار پور راہداری میں سکھ برادری کے رسم و رواج اور روایتوں سے آگاہ کیا گیا اور انہیں سروپا پہنایا گیا جبکہ کرپان بھی پیش کی گئی۔
اس دوران بھارتی یاتریوں نے بھی ملاقات کی اور سکھ برادری کے افراد نے محسن نقوی اور امریکی وفد کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔
امریکی کانگریس مینز کے وفد نے خصوصی طور پر لنگر ہال کا دورہ کیا اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ اس دوران انہوں نے پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری اور گوردوارہ صاحب میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کو سراہا۔
امریکی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے کہا کہ ہمیں بیساکھی میلے میں شرکت کر کے دلی خوشی ہوئی۔ جوناتھن جیکسن نے بھی پاکستان کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری اور گوردوارہ صاحب میں سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح سکھ یاتریوں کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ ویزا کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سکھ یاتری پاکستان آ کر اپنے مقدس مقامات کی زیارت کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی محبت کرنے والے اور پرامن لوگ ہیں اور یہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
اس دورے کے دوران، محسن نقوی اور امریکی وفد نے زیرو پوائنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کو کرتار پور راہداری کے دوسرے پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News