
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست شپنگ کے آغاز اور فضائی روابط کی بحالی پر زور
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے خارجہ سیکرٹری سطح کی مشاورت میں براہ راست شپنگ کے آغاز اور فضائی روابط کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ افغان دارالحکومت کابل کا دورہ کریں گے۔ ان کا یہ دورہ افغان عبوری وزیر خارجہ کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم کابل میں افغان عبوری وزیراعظم اور نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
ان مذاکرات میں سیکیورٹی، تجارت، روابط اور عوامی تعلقات سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو ہوگی جب کہ یہ دورہ پاکستان اور افغان عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
پاک بنگلادیش خارجہ سیکرٹریز مذاکرات
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 15 سال کے وقفے کے بعد ڈھاکہ میں خارجہ سیکرٹری سطح کی مشاورت کا چھٹا دور ہوا جس میں پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور بنگلادیشی ہم منصب محمد جشیم الدین نے شرکت کی۔
خوشگوار ماحول میں ہونے والی بات چیت میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی بحالی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
فریقین نے کراچی اور چٹاگانگ کے درمیان براہ راست شپنگ کے آغاز اور فضائی روابط کی بحالی پر زور دیا جب کہ تعلیم، زراعت، کھیل، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان نے اپنی زرعی جامعات میں بنگلادیشی طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی پیشکش کی جسے بنگلادیش نے سراہا۔ مشاورت کا اگلا دور 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا۔
دیگر اہم روابط و سرگرمیاں
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم کی دعوت پر ہنگری کے وزیر خارجہ نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا جہاں ویزا فری سفر، ثقافت اور آثار قدیمہ سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایران میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کے جسد خاکی پاک فضائیہ کے سی 130 طیارے کے ذریعے بہاولپور منتقل کردیے گئے۔ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بات چیت کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس سلسلے میں سلطنت عمان کے کردار کو سراہتا ہے۔
اسرائیلی جارحیت، مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے بیانات پر ردعمل
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان غزہ میں بیپٹسٹ اسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کو تحفظ دینے کے لیے عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے۔
جموں و کشمیر کو ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ قرار دیتے ہوئے ترجمان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے حالیہ بیان کو مسترد کردیا۔
چین اور روس کے ساتھ تعلقات
ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ اور اسٹریٹیجک شراکت دار ہے اور پاکستان اپنے قومی مفاد کا ہر صورت تحفظ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 اپریل کو پاکستان اور روس کے درمیان اسٹریٹیجک مشاورتی مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہوئے جن میں تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایس سی او کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے دورے پر ہیں۔ جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ 21 اپریل کو پاکستان آئیں گے اور اسلام آباد میں ہائی کمیشن کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کے افغانستان میں ہینڈلرز سے روابط کے شواہد موجود ہیں۔ آصف مرچنٹ کے معاملے پر امریکہ نے کوئی ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News