
اوورسیز کنونشن کے موقع پر خصوصی ملی نغمہ ’’تو ہی ہے اک بندیا‘‘ جاری
اسلام آباد: اوورسیز کنونشن کے موقع پر وزارتِ اطلاعات نے خصوصی ملی نغمہ ’’تو ہی ہے اک بندیا‘‘ جاری کردیا۔
اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایک خصوصی ملی نغمہ ’’تو ہی ہے اک بندیا‘‘ جاری کیا گیا ہے جو قومی جذبات، حب الوطنی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ نغمہ نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قربانیوں، محنت اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے بلکہ ہر اُس شخص کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے جو اپنی محنت، صلاحیت اور جذبے سے وطنِ عزیز کا نام دنیا بھر میں روشن کررہا ہے۔
نغمے کی ویڈیو میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے جب کہ ساتھ ہی قومی معیشت میں بہتری کی مثبت جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں جن میں مہنگائی میں کمی، ٹیکس محصولات میں اضافہ، بیرونی سرمایہ کاری میں بہتری، پالیسی ریٹ اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی جیسے اشاریے شامل ہیں۔
ویڈیو میں بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کرنے والے سپر اسٹارز جیسے ارشد ندیم اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کامیابیاں بھی شامل کی گئی ہیں جو ملک کے لیے فخر کا باعث بنے۔
نغمے میں کوہ پیمائی جیسے مہم جو کھیلوں کے مناظر، پاکستانی خلائی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کی کامیاب لانچنگ اور نوجوانوں کے ملکی ترقی میں کردار کو بھی موثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ نغمہ پاکستان کی ثقافت، ورثے اور ترقی کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو اس نغمے میں ان کے کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ چاہے وہ سائنس، کھیل، دفاع، معیشت یا ثقافت کا میدان ہو۔
’’تو ہی ہے اک بندیا‘‘ یہ مرکزی پیغام قوم کے ہر فرد کے لیے ہے جو اپنے جذبے اور محنت سے وطن کی شان اور آن بن چکا ہے۔
یہ نغمہ حب الوطنی، قومی یکجہتی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ایک خوبصورت اور جامع کاوش ہے، جسے سوشل میڈیا اور دیگر قومی پلیٹ فارمز پر نشر کیا جارہا ہے اور عوام کی جانب سے اسے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News