
حکومت پنجاب نے معرکۂ حق میں پاکستان کی فتح مبین کے موقع پر ایک خصوصی ملی نغمہ جاری کر دیا ہے، جس کا عنوان ہے “بُنۡیَانٌ مَّرۡصُوۡصٌ”۔
یہ نغمہ پاکستانی قوم کے ایمان، اتحاد اور عزمِ عالیشان کی بھرپور عکاسی کرتا ہے اور قومی یکجہتی، حب الوطنی، تشکر اور افتخار جیسے جذبات کا آئینہ دار ہے۔
یہ پُرجوش اور بامقصد نغمہ سرزمین پروڈکشنز کی تخلیق ہے، جسے حکومت پنجاب کی سرپرستی میں تیار کیا گیا۔ نغمے کو فنی اعتبار سے نہایت اعلیٰ معیار پر مکمل کیا گیا ہے اور اس میں ملک کے نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، جن میں علی عباس، ندیم عباس شہزادہ اور زوہیب حسن شامل ہیں۔
یہ نغمہ احمد نواز کی تخلیق ہے جبکہ اس کی کمپوزیشن اور موسیقی معروف موسیقار ظہیر عباس نے ترتیب دی، جبکہ شیراز مقصود نے معاونت فراہم کی۔
یہ نغمہ ملک کے عوام کے اُس عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتا ہے، جس کی بدولت پاکستان نے ایک بار پھر حق و سچ کے معرکے میں سرخروئی حاصل کی۔
نغمے کی شاعری میں قرآنی استعارہ “بُنۡیَانٌ مَّرۡصُوۡصٌ” کو بطور مرکزی خیال استعمال کیا گیا ہے، جو اتحاد و اتفاق کی علامت ہے۔
حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق یہ نغمہ نہ صرف حالیہ کامیابیوں کا جشن ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ جب قوم یکجا ہو جائے تو کوئی طاقت اس کے آگے کھڑی نہیں رہ سکتی
نغمے کو مختلف ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ریڈیو اسٹیشنز پر بیک وقت ریلیز کیا گیا، جسے عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
یہ نغمہ ملک بھر میں قومی جذبے کو مزید اجاگر کرنے اور نوجوانوں میں حب الوطنی کے شعور کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News