
اسلام آباد: حالیہ دنوں میں بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹے دعوے، فیک ویڈیوز اور من گھڑت پروپیگنڈے پر مبنی ایک منظم مہم ’’آپریشن سندور‘‘ کے نام سے چلائی گئی، جسے پاکستان کے عسکری ادارے آئی ایس پی آر نے مؤثر، ذمہ دارانہ اور بروقت ردعمل کے ذریعے عالمی سطح پر بے نقاب کردیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا بشمول این ڈی ٹی وی، نیوز 18 اور دیگر چینلز نے نہ صرف جھوٹ پر مبنی رپورٹس نشر کیں بلکہ قوم پرستی کو ہوا دینے کے لیے پاکستان کے ایف-16 اور JF-17 طیارے مار گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے جیسے بے بنیاد دعوے بھی کیے۔ یہ جھوٹے دعوے پرائم ٹائم نشریات میں نمایاں طور پر چلائے گئے اور ٹی وی اسٹوڈیوز میں اس پر گمراہ کن مباحث کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو تقویت دینے کے لیے ڈیپ فیک ویڈیوز کا سہارا لیا جن میں ایسا ظاہر کیا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر پاکستان کے نقصانات تسلیم کر رہے ہیں۔ ان ویڈیوز کو بعد ازاں عالمی میڈیا اور فیکٹ چیک اداروں نے جعلی اور بے بنیاد قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ بنیان مرصوص؛ کانگرس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کرلی
مزید برآں گودی میڈیا نے سنسنی خیز جھوٹ گھڑتے ہوئے یہ افواہ بھی اڑائی کہ پاکستان کے جوہری ذخائر پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم یہ افواہ جلد ہی دم توڑ گئی جب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے اس کی تردید کرتے ہوئے بھارتی پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیا۔
بھارتی بحریہ کی جانب سے کراچی بندرگاہ کو نشانہ بنانے کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا گیا لیکن نہ تو کوئی سیٹلائٹ تصویر پیش کی گئی نہ ہی کوئی ثبوت۔ بھارتی میڈیا نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف اندرونی بغاوت جیسی جھوٹی کہانیاں بھی تخلیق کیں۔
سیاسی و دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی میڈیا نے اپنی حکومت کو سیکیورٹی ناکامیوں پر جواب دہ بنانے کے بجائے جھوٹ اور پروپیگنڈے کو فروغ دیا۔ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر پاکستان کے خلاف جنگی جنون پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پاکستان نے پیشہ ورانہ سنجیدگی اور حکمت سے اس کا جواب دیا۔
پاکستان کی جانب سے آئی ایس پی آر نے نہ صرف مؤثر بریفنگز دیں بلکہ ریڈار لاگز، سیٹلائٹ تصاویر، پروازوں کا ڈیٹا اور زمینی شواہد بھی فراہم کیے۔ پاکستان نے بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین کو مبینہ حملے کی جگہوں تک رسائی دی جو کہ شفافیت اور سچائی کی اعلیٰ مثال تھی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی سیکیورٹی ماہر پروفیسر کرسٹین فیئر نے بھارتی میڈیاکو فسادی کہہ دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا کہ اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو ردعمل فوری، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔ پاکستان نے نہ صرف اپنی عوام بلکہ عالمی برادری کے سامنے بھی ناقابلِ تردید ثبوت پیش کیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فیک نیوز آج کے ہائبرڈ وار فیئر کا ہتھیار بن چکی ہے اور بھارت نے اسی ہتھیار کا سہارا لیتے ہوئے اصل حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی مگر پاکستان نے بہترین حکمتِ عملی، ذمہ دارانہ رویے اور عالمی اصولوں کے مطابق سچائی کو اجاگر کیا۔
بین الاقوامی مبصرین نے پاکستان کے معلوماتی نظم و ضبط اور دفاعی اداروں کی شفاف حکمتِ عملی کو سراہا جس نے بھارت کے جھوٹ پر مبنی ’’آپریشن سندور‘‘ کو مکمل طور پر ناکام بنادیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News