 
                                                                              اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کبھی مشکل حالات سے خوفزدہ نہیں ہوئی، بھارت کی بزدلانہ چالیں ناکام ہوں گی، قوم متحد ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے جب کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ملک ہے۔ بھارت کی حکومت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرتا۔ ہم نے ہمیشہ ہر سطح پر دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ بھارت کو کشمیری عوام پر مظالم بند کرنا ہوں گے، یہ ظلم زیادہ دیر نہیں چلے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اگرپانی روکا گیا تو پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، اگر ہمت ہے تو شوق پورا کرلیں
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن کوئی نئی بات نہیں، ماضی میں بھی بھارت نے اس قسم کے ڈرامے رچائے ہیں۔ پاکستان کے پاس بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ کلبھوشن یادیو پاکستان میں کیا کر رہا تھا؟ بھارت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سری لنکا سے کینیڈا تک خون بہا رہا ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ وزیر اعظم نے پہلگام واقعہ پر بھارت کو شفاف تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے انسانیت کے خلاف جرم کیا، دریائے سندھ صرف دریا نہیں بلکہ ایک تہذیب ہے جو پانی سے جڑی ہوئی ہے، ہڑپہ سے شروع ہونے والی اس تہذیب کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی مزید کہتے ہیں کہ بھارت اپنی نااہلی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے لیکن ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 