راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی افواج کے بلا اشتعال حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارتی مسلح افواج نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال اور قابل مذمت حملے کیے، جن میں خواتین، بچے اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جنون کا مظہر ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 40 پاکستانی شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل تھے جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی اس جارحیت کے خلاف “معرکۂ حق” کے عنوان سے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھرپور اور ٹھوس جوابی کارروائی کی، اس آپریشن میں دشمن کے فوجی ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی افواج کے 11 جانباز شہید اور 78 زخمی ہوئے۔ شہداء میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے اہلکار شامل ہیں۔
پاک فوج کے شہداء:
نائیک عبدالرحمان
لانس نائیک دلور خان
لانس نائیک اکرام اللہ
نائیک وقار خالد
سپاہی محمد عدیل اکبر
سپاہی نثار
پاک فضائیہ کے شہداء:
اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف
چیف ٹیکنیشن اورنگزیب
سینیئر ٹیکنیشن نجیب
کارپورل ٹیکنیشن فاروق
سینیئر ٹیکنیشن مبشر
آئی ایس پی آر کی جانب کہا گیا کہ شہداء کی عظیم قربانی قوم کے لیے بہادری، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی دائمی علامت ہے، شہداء کی عظیم قربانیاں ہمیشہ کے لیے قوم کے ذہنوں میں تازہ رہیں گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افواج پاکستان اور پوری قوم شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دل سے دعا گو ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
