
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جمعہ کے روز سرکاری دورے پر امریکہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اہم امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی امریکہ میں 9 جون تک قیام کرے گی، جہاں وہ امریکی انتظامیہ، کانگریس اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گی جب کہ ملاقاتوں کا باقاعدہ آغاز 2 جون سے ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم دورے کے دوران کمیٹی امریکی حکام کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرے گی۔ ملاقاتوں میں بھارت کی جانب سے چلائی جانے والی ڈس انفارمیشن مہم، جعلی پروپیگنڈا اور فارن انفلوئینسڈ آپریشنز سے متعلق بھی ٹھوس شواہد اور تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفد امریکی حکام کو بتائے گا کہ بھارت کس طرح عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لیے جعلی خبروں، ڈیپ فیک ویڈیوز اور بے بنیاد دعوؤں کا سہارا لے رہا ہے اور یہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
وفد 9 جون کو امریکہ سے یوکے روانہ ہو گا، جہاں دوسرے مرحلے کے دورے کا آغاز ہوگا۔ یو کے میں بھی اسی نوعیت کی سفارتی ملاقاتیں طے ہیں۔ تیسرے مرحلے میں کمیٹی مختلف یورپی ممالک کا دورہ کرے گی تاکہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جاسکے۔
واضح ہے کہ پاکستانی وفد کا یہ سفارتی مشن نہ صرف عالمی برادری کو اصل حقائق سے آگاہ کرے گا بلکہ بھارت کی جانب سے ہائبرڈ وار فیئر کے ہتھکنڈوں کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News