
پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے متعلق ناقابل تردید اور مستند شواہد دنیا کے سامنے رکھے ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔
بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے مستند شواہد کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، پاکستان کئی برسوں سے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور متعدد بار عالمی فورمز پر اس حوالے سے شواہد بھی پیش کیے جا چکے ہیں۔
بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کی بلوچستان میں سرگرمیوں سے متعلق شواہد پاکستانی حکومت کی جانب سے تسلسل کے ساتھ پیش کیے جاتے رہے ہیں۔
2009 میں مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے پاک-بھارت مذاکرات کے دوران پاکستان نے پہلی بار باضابطہ طور پر بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھایا۔
بعد ازاں 2010 میں وکی لیکس کے انکشافات میں بھی اس امر کی تصدیق ہوئی کہ بین الاقوامی مبصرین پاکستان میں بھارتی خفیہ سرگرمیوں، بالخصوص بلوچستان میں بدامنی سے متعلق کارروائیوں سے آگاہ تھے۔
2015 میں پاکستان نے اقوام متحدہ کو ایک تفصیلی ڈوزیئر پیش کیا، جس میں بلوچستان میں دہشتگردی کے نیٹ ورک میں بھارتی مداخلت کی نشاندہی کی گئی، اس ڈوزیئر میں انٹیلی جنس رپورٹس اور شواہد شامل تھے جو بھارتی کردار کو بے نقاب کرتے ہیں۔
2016 میں بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر اور “را” کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری نے پاکستان کے دعووں کو مزید تقویت دی، یادیو نے تفتیش کے دوران بلوچستان میں تخریب کاری اور دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
بعد ازاں 2019 اور 2023 میں بھی پاکستان نے اقوام متحدہ کو مزید شواہد پیش کیے۔ 2023 میں دہشتگردوں سرفراز بنگل زئی اور گلزار امام شمبے کے اعترافی بیانات منظر عام پر آئے، جن میں انہوں نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے کارندوں سے تربیت اور ہدایت ملنے کا انکشاف کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ بریفنگ میں بھی بھارتی افواج اور خفیہ اداروں کی پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے واضح اور ناقابل انکار شواہد پیش کیے گئے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ان تمام شواہد کو مسلسل نظرانداز کرنا اور انکار کی پالیسی اختیار کرنا نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہا ہے بلکہ امن و استحکام کو بھی شدید خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار پاکستان تو ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی اس سے متاثر ہیں، پاکستان کی جانب سے بار بار بھارتی دہشتگردی کے شواہد دیئے جا رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ان پر عملدرآمد کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News