
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے درمیان ایک اور اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں جنوبی ایشیاء کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ تیسرا رابطہ ہے، جو خطے میں امن و امان کی صورتحال پر گہری توجہ کا مظہر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: تاریخ گواہ ہے کہ چند گھنٹے میں بھارتی جارحیت کو خاک میں ملادیا؛ وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کے رابطے اور سفارت کاری جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لیے ان کی گہری دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے خطے کے وسیع تر مفاد میں جنگ بندی پر پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا، اور ساتھ ہی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ہر قیمت پر دفاع کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے جھوٹے الزامات، اشتعال انگیز بیانات اور مسلسل جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک خطرناک رجحان قرار دیا اور عالمی برادری سے اس پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں: شدید کشیدگی کے درمیان پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کا حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ضمن میں مؤثر کردار ادا کریں۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں حالیہ کشیدگی کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے تمام فریقین سے رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے کوششیں ان کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کی دنیا کو اشد ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News