
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری عالمی پروپیگنڈے کے مؤثر جواب کے لیے حکومتِ پاکستان نے اعلیٰ سطحی کمیٹی کو امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی نو رکنی کمیٹی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 2 جون سے امریکا کا اہم دورہ کرے گی۔
کمیٹی کا مقصد اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنا ہے۔ نیویارک میں وفد کی مصروفیات کا شیڈول طے کرلیا گیا ہے جہاں وہ دو روز قیام کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، جنرل اسمبلی کے صدر، سلامتی کونسل کے صدر اور رکن ممالک کے مستقل مندوبین سے اہم ملاقاتیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی؛ بلاول بھٹو امریکا روانہ ہوں گے
اس کے علاوہ پاکستانی وفد او آئی سی کے رکن ممالک کے اقوام متحدہ میں موجود مندوبین سے بھی ملاقاتیں کرے گا تاکہ انہیں بھارتی پروپیگنڈے کے پس پردہ حقائق سے آگاہ کیا جاسکے۔
کمیٹی 2 جون کو اقوام متحدہ سے وابستہ عالمی صحافیوں سے بھی بات چیت کرے گی تاکہ پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے عالمی سطح پر اجاگر کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیویارک میں پاکستانی کمیونیٹی سے ملاقات کا پروگرام بھی ترتیب دیا جا رہا ہے تاکہ کمیونیٹی کو درپیش چیلنجز اور حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا جاسکے۔
نیویارک کے دورے کے بعد پاکستانی وفد واشنگٹن روانہ ہوگا جہاں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا شیڈول فائنل کیا جا رہا ہے۔ واشنگٹن میں امریکی حکام اور تھنک ٹینکس سے روابط کے ذریعے پاکستان کا نکتہ نظر مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News