
لاہور: عیدالاضحیٰ سے قبل قیدیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں کی سزا میں خصوصی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی جیلوں میں تقریباً 450 قیدی سزا میں کمی کے ذریعے مستفید ہوں گے، تاہم اس معافی کا اطلاق پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اس معافی کے تحت قیدیوں کو 90 دن کی خصوصی معافی دی گئی ہے، جس سے 270 قیدی اپنی رہائی کے بعد عیدالاضحیٰ اپنے اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے، تاہم اس اقدام سے نادار قیدیوں کے جرمانے کی ادائیگی اور اچھے اخلاقی کردار رکھنے والے قیدی بھی مستفید ہوں گے۔
مزید پڑھیں: کراچی ملیر جیل، صوبائی وزیر کا سخت پیغام، غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سزا میں معافی کا یہ حکم تمام قیدیوں پر لاگو نہیں ہوتا، دہشت گردی، فرقہ واریت، جاسوسی، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی، قتل، زنا، منشیات کی فروخت، ڈکیتی، اغوا کے مرتکب مجرم اور مالی غبن یا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدی اس معافی سے مستفید نہیں ہوں گے۔
علاوہ ازیں گزشتہ ایک سال کے دوران جیل قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے قیدی بھی اس سہولت سے محروم ہوں گے۔
محکمہ داخلہ نے ان قیدیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں جن پر سزا میں معافی کا حکم لاگو نہیں ہوتا، تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
یہ اقدام قیدیوں کو معاشرتی رابطہ مضبوط بنانے اور عید کے موقع پر خوشی کے لمحات گزارنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News