کراچی: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 123 ویں مڈشپ مین اور 31 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا اور کشمیر پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے قوم کو متحد رہنے کی تلقین کی۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمیشننگ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم واریئرز کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔ آج کی پریڈ میں کیڈیٹس کا مثالی ٹرن آؤٹ اور پُرجوش انداز پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ معیار کا مظہر ہے۔
انہوں نے کامیاب کیڈیٹس کو قوم کی امیدوں اور توقعات کا مظہر قرار دیا اور ایوارڈ جیتنے والوں کی خصوصی تعریف کی۔ دوست ممالک ترکی، بحرین، عراق، فلسطین اور جبوتی کے کیڈٹس کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔
پاک بحریہ میں شمولیت، کیڈٹس کو تلقین اور جدید چیلنجز کا سامنا
آرمی چیف نے کہا کہ آپ پاک بحریہ کا حصہ بننے جا رہے ہیں جس کی پہچان اعلیٰ عسکری اخلاقیات، غیر معمولی مہارت اور بے مثال پیشہ ورانہ روایات ہیں۔
انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں۔ بحری جنگ کا میدان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور ہمیں اس سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ پاکستان کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر میری ٹائم فورس برقرار رکھنا ناگزیر ہوچکا ہے۔
بھارت کی اشتعال انگیزیاں اور دشمن کو دو ٹوک پیغام
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت متکبرانہ اور جارحانہ رویے کا مسلسل مظاہرہ کر رہا ہے جو اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے بہانے دو بار پاکستان پر بلاوجہ حملے کیے جنہیں پاکستان کے بھرپور اور مؤثر جواب سے ناکام بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر دشمن یہ سمجھے کہ آئندہ پاکستان اپنی خودمختاری پر حملے کو برداشت کرے گا تو یہ ایک خطرناک غلط فہمی ہوگی۔ پاکستان ہر حال میں اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکا میں پذیرائی: بھارت کا گھبراہٹ پر مبنی ردعمل
کشمیر کاز، قومی یکجہتی اور روشن مستقبل کا عزم
آرمی چیف نے سورۃ البقرہ اور سورۃ آل عمران کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران مزید مضبوط ہوا ہے۔ بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کررہا ہے مگر ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ کو کامیابی تک لے جائیں گے۔
انہوں نے کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ دشمن ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پاکستان ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
