
اسلام آباد: پاکستان نے بیروت اور جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ جیسے مقدس موقع سے قبل اسرائیلی فضائی کارروائیاں نہ صرف غیر انسانی اقدام ہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ حملے لبنان کی خودمختاری اور نومبر 2024 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے طاقت کے غیر ذمہ دارانہ استعمال نے خطے میں شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے، جس سے علاقائی استحکام کو نقصان اور قیامِ امن کی کوششوں کو دھچکا پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ سے زخمیوں کو مصر لے جانے والی ایمبولینسز پر اسرائیلی حملہ، متعدد فلسطینی شہید
پاکستان نے ایک بار پھر لبنان کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ اور جنگ بندی کے ثالثوں سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی ادارے اسرائیلی جارحیت کو روکنے، قابض افواج کو جوابدہ بنانے اور خطے میں مزید کشیدگی سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لیے فوری مؤثر اقدامات کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے آخر میں کہا کہ پاکستان امن، انصاف اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News