فیصل آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بھارت نے تکبر اور گھمنڈ میں مبتلا ہو کر پاکستان پر حملے کی جسارت کی، لیکن پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر اس کی غلط فہمیاں دور کر دیں۔
رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب دنیا بھر میں رسوا ہو چکا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی عالمی برادری کے سامنے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپاہی سے لے کر فیلڈ مارشل تک تمام افواج پاکستان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے بروقت اور دلیرانہ فیصلوں نے ملک کو سیاسی و عسکری استحکام بخشا اور اب پاکستان ایک مضبوط ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ کے بعد آئندہ الیکشن اب مودی کا نہیں رہا، بھارت اب پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے کی جسارت نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کو معمولی ریاست سمجھ رہا تھا، لیکن اب اسے اپنی غلطی کا شدت سے احساس ہو چکا ہے۔
قومی اتفاق رائے کی ضرورت
رانا ثناء اللہ نے اپوزیشن جماعتوں، بالخصوص پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ وہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے، اپوزیشن لیڈر کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم کی ملاقات کی دعوت قبول کریں۔
مزید پڑھیں: پاکستان بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کے لیے تیار ہے، رانا ثناء اللہ
انکا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر انتخابی قوانین میں بہتری اور عوامی مسائل پر بات کریں، کیونکہ ذاتی مفادات سے بڑھ کر 24 کروڑ پاکستانیوں کا مستقبل ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاست پر تنقید
رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کی مجوزہ تحریک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کسی تحریک کو چلانے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور ایسی سرگرمیوں سے صرف پارٹی کارکنوں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگر اپنی رہائی کے لیے قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں تو یہ ایک بڑی غلطی ہو گی۔
پاکستان کی مثبت پیش رفت
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان جو کبھی ڈیفالٹ کے قریب تھا، اب معاشی بحالی کے راستے پر گامزن ہے، وہ ممالک جو پہلے بات کرنے سے کتراتے تھے، آج پاکستان کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت ٹیک آف کی پوزیشن میں ہے اور اب اس کا آگے بڑھنا کوئی نہیں روک سکتا۔ ہماری دعوت مذاکرات کے لیے ہے اور وہ بھی ذاتی نہیں بلکہ قومی معاملات پر، تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا اجتماعی حل نکالا جا سکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
