
کراچی: تیونس سے تعلق رکھنے والی لڑکی سندا ایاری کی پاکستانی نوجوان عامر سے شادی اور طلاق کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لے لیا ہے۔
وزارت داخلہ محسن نقوی نے فوری طور پر تیونس سے تعلق رکھنے والی سندا ایاری کو ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے ویزا حکام کو اس حوالے سے دستاویزات طلب کرلی ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق تیونس کی شہری سندا ایاری کو ایگزٹ پرمٹ کے حصول کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آن لائن درخواست جمع ہوتے ہی پاکستان چھوڑنے کے لیے ایگزٹ پرمٹ جاری کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تیونس کی شہری سندا ایاری نے سوشل میڈیا کے ذریعے کراچی کے رہائشی عامر سے دوستی کی اور پھر پاکستان آکر اس سے شادی کرلی تاہم شادی کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے جس کے نتیجے میں عامر نے گزشتہ ہفتے اسے طلاق دے دی۔
طلاق کے بعد سندا ایاری ویمن تھانہ لیاقت آباد پہنچی اور وہاں رپورٹ درج کرائی۔ ویمن پولیس کے مطابق لڑکی کا 90 دن کا پاکستانی ویزہ فروری میں ختم ہوچکا ہے اور اب اس کا قیام غیر قانونی ہے۔
ایس ایچ او ویمن تھانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے لڑکی کو پناہ دی ہوئی ہے اور اس کے رہنے سہنے کا مکمل انتظام کیا جا رہا ہے جب کہ ویزہ توسیع یا ایگزٹ پرمٹ کے اجراء اور واپسی کے ٹکٹ کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News