لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قربانی کے دن شہداء کو یاد کرتے ہوئے قوم کے جانثاروں کو سلام پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر امت مسلمہ، بالخصوص پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اس دن کو جذبہ ایثار، قربانی اور اللہ کی بندگی کی تجدید کا دن قرار دیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی لازوال قربانی کی یاد دلاتی ہے جو تا قیامت ایثار، اطاعت اور تقویٰ کی عظیم مثال بنی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ عید کا اصل پیغام صرف جانور کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ غصے، انا، نفرت اور تکبر کی قربانی بھی ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمیں آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی کے بعد عید کی خوشیاں نصیب ہوئیں، تاہم انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان جانبازوں کو نہیں بھول سکتے جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ، سنت ابراہیمیؑ کی پیروی جاری
انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معصوم بچے، غزہ کے شہداء اور کچے گھروں کے باسی بھی ہماری دعاؤں اور یادوں کا حصہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ہمیں چاہیے کہ ان مظلوم طبقات کے دکھ درد میں شریک ہوں اور اپنی خوشیوں میں انہیں بھی شامل کریں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عید کا دن دراصل خطبہ حجۃ الوداع کی یاد تازہ کرنے کا موقع بھی ہے، جو انسانیت کا پہلا جامع منشور تھا، اس موقع پر ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگیوں میں تقویٰ، اخلاص اور اللہ کے لیے جینے مرنے کے جذبے کو اپنائیں۔
انہوں نے پنجاب کے ہونہار طلبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیاں اس وقت دوبالا ہو جاتی ہیں جب ہم ان بچوں کا تصور کرتے ہیں جنہوں نے اسکالرشپ یا لیپ ٹاپ حاصل کیا اور قوم کا فخر بنے۔
آخر میں مریم نواز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت موقع پر غریبوں، یتیموں اور نادار افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں کیونکہ یہی عیدالاضحیٰ کا اصل پیغام ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
