
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، ٹیکس دائرہ وسیع اور زراعت و صنعت پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اخراجات کو کنٹرول میں رکھا ہے اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ سالانہ 12 لاکھ روپے تک آمدنی پر انکم ٹیکس کی شرح کم کرکے 1 فیصد کردی گئی ہے جب کہ سالانہ ایک کروڑ روپے سے زائد پینشن وصول کرنے والوں پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے شعبے پر بھی توجہ
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے لیے بھی بجٹ میں تجاویز دی گئی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ درآمدی سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کردی گئی ہے، البتہ مقامی سولر پینلز کی قیمتوں میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔
سماجی تحفظ اور زراعت کیلئے اہم اقدامات
محمد اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جو اب بڑھ کر 716 ارب روپے ہوچکا ہے۔ حکومت بینظیر ہنرمند پروگرام کو بھی مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جاسکے۔
زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے اور فصلوں کے لیے انشورنس کی سہولت بھی دی جائے گی۔
صنعتی پالیسی اور کاروباری ماحول میں بہتری
وفاقی وزیر خزانہ نے صنعتی پالیسی کے جلد اعلان کا عندیہ دیا اور کہا کہ حکومت کاروباری ماحول میں بہتری لا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے جب کہ برآمدات کے فروغ کے لیے بھی کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
ٹیکس نظام میں اصلاحات اور گرفتاری سے متعلق قوانین
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے مربوط کوششیں جاری ہیں۔ ایف بی آر نادہندگان کے خلاف اعلیٰ سطحی تین رکنی کمیٹی انکوائری کرے گی اور گرفتار نادہندگان کو 24 گھنٹوں میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ 2025-26: پیپلز پارٹی کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
انہوں نے وضاحت کی کہ 5 کروڑ روپے تک کے ٹیکس مقدمات میں بغیر وارنٹ گرفتاری نہیں ہوگی تاکہ قانون کی حکمرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
ای وی پالیسی پر مشاورت جاری
وزیر خزانہ نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ حکومت الیکٹرک وہیکل پالیسی پر مشاورت کر رہی ہے اور جلد اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کو یقینی بنایا جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News