
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر اور مرکز لاہور کے جنوب مغرب میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے شادمان، شاہ جمال، گلبرگ، مال روڈ، کوئنز روڈ، سروبا گارڈن، شالامار، ٹرنر روڈ، مزنگ چونگی اور فیروزپور روڈ پر واقع پاک عرب اور وینس سوسائٹی میں واضح طور پر محسوس کیے گئے جبکہ لاہور ہائیکورٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھی جھٹکوں کی اطلاع ملی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے پنجاب کے دیگر اضلاع جیسے قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، مریدکے اور گرد و نواح میں بھی محسوس کیے گئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ عمارتوں کی اسٹرکچرل جانچ میں مصروف ہے تاکہ کسی ممکنہ نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے۔ زلزلے کے ممکنہ آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور ریسکیو عملہ مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پراونشل کنٹرول روم اور پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24/7 فعال ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری جواب دیا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر زلزلے کے باعث کسی قسم کے نقصان یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
تاحال زلزلے سے کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News