لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لاہور تا کراچی پاک بزنس ایکسپریس اور دیگر مسافر سہولیات کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم نے ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش اور جدید سفری سہولیات کو سراہا اور کہا کہ مدتوں بعد لاہور ریلوے اسٹیشن آکر خوشی ہوئی، یہاں خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عام مسافروں کے لیے ٹرینوں کی تزئین و آرائش بہتر انداز میں کی گئی ہے اور یہ سفری سہولیات کسی اشرافیہ کے لیے نہیں بلکہ عام آدمی کے لیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹکٹ کے پرانے نظام کو ختم کرکے مکمل ڈیجیٹائزیشن متعارف کرا دی گئی ہے جب کہ اس موقع پر انہوں نے پاک بزنس ایکسپریس کی کوچز کا بھی معائنہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹرین کو یورپی ریلوے کی طرز پر تیار کیا گیا ہے جس میں بزنس کلاس، برتھ، کچن اور ڈائننگ ہال جیسی سہولیات دستیاب ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم دور میں خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی اور ان خدمات پر انہیں کریڈٹ دینا چاہیے۔ اب ریلوے کو درست کرنے کی ذمہ داری حنیف عباسی کو سونپی گئی ہے۔
شہباز شریف نے تقریب کے دوران پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ میں بھارت کو شکست دی اور یہ ہماری فوج کی دلیری اور مہارت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا اور امریکی صدر بھی کئی بار اس جنگ کے رکنے میں اپنی کوششوں کا ذکر کرچکے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ملک کے 348 ریلوے اسٹیشنز پر اے ٹی ایم اور پی ایس او کی سہولتیں دی جائیں گی، ریلوے کے اسکول اور اسپتال آؤٹ سورس کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کراچی سے روہڑی تک کے ریلوے ٹریک کو مزید بہتر بنایا جائے گا جب کہ ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کے لیے جامع انتظامات کیے جاچکے ہیں۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی کے دوران دشمن آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور وزیراعظم کی سفارتی کاوشوں سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پاک بزنس ایکسپریس لاہور سے کراچی کا فاصلہ صرف ساڑھے 18 گھنٹے میں طے کرے گی۔ اس کی اکانومی کلاس کا کرایہ 5100 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
