کراچی: سندھ پولیس نے شہر قائد میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور خلاف ورزیوں پر قابو پانے کے لیے ٹریفک عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نئے اور سخت قوانین کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جرمانوں کی رقم اب 5 ہزار سے بڑھا کر 2.5 لاکھ روپے تک کی جائے گی۔
ایک خصوصی گفتگو میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ جرمانہ اتنا مؤثر ہونا چاہیے کہ کوئی شخص دوبارہ قانون شکنی کا سوچے بھی نہیں، ٹریفک قوانین سے متعلق ترامیم کی منظوری کابینہ دے چکی ہے اور وزیراعلیٰ کی سمری کے بعد یہ قوانین نافذالعمل ہو جائیں گے۔
خلاف ورزی پر شناختی کارڈ بلاک تک کی سزا
غلام نبی میمن کے مطابق اگر کوئی شہری 21 دن میں جرمانہ ادا نہیں کرتا تو چالان ڈبل ہو جائے گا،90 روز بعد اس کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا اور اگر پھر بھی ادائیگی نہ کی گئی تو 180 دن بعد شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے گا۔
ٹریفک کورٹس اور شفاف نظام کا اعلان
آئی جی سندھ نے بتایا کہ شہریوں کو شکایت کا حق دینے کے لیے خصوصی ٹریفک عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں، جہاں شہری جرمانے کے خلاف اپیل کر سکیں گے اور انہیں خلاف ورزی کا مکمل ثبوت بھی دکھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں ٹریفک کے نظام کو منظم کرنے کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت سے منظوری کے بعد مینوئل چالان سسٹم مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا اور شہریوں کو ای چالان کوریئر کے ذریعے گھر پر بھیجے جائیں گے، ساتھ میں خلاف ورزی کا ویڈیو یا تصویری ثبوت بھی شامل ہوگا۔
ہیوی گاڑیوں پر کیمرے اور ٹریکرز لازمی
آئی جی سندھ نے مزید بتایا کہ نئے قوانین کے تحت تمام ہیوی گاڑیوں میں کیمرے اور ٹریکرز کی تنصیب لازمی قرار دی جارہی ہے، اوور اسپیڈنگ کی صورت میں ای چالان فوری طور پر گاڑی کے مالک کو جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی بہتری کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ میں شامل آئی ٹی ایس کیمرے اب فیز تھری کے بجائے پہلے مرحلے میں مکمل طور پر فعال کیے جائیں گے، تاکہ نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
ٹریفک نظم و ضبط کیلئے بڑی پیش رفت
آئی جی سندھ نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے ٹریفک قوانین کی پاسداری بڑھے گی اور شہریوں میں ذمہ داری کا شعور پیدا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں مؤثر جرمانوں سے ہی ٹریفک ڈسپلن قائم کیا جاتا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ کراچی میں بھی وہی معیار اپنایا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
