
راولپنڈی: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے امریکا کا اہم سرکاری دورہ کیا جس دوران پاک امریکا دفاعی تعاون میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حالیہ دنوں میں امریکا کا ایک تاریخی سرکاری دورہ کیا جو کسی بھی حاضر سروس ایئر چیف کا گزشتہ ایک دہائی میں پہلا دورہ تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطح کے دورے کو پاک امریکا دفاعی تعلقات میں ایک تزویراتی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا، ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینا اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی کے کلیدی امور پر بامعنی مکالمے کو یقینی بنانا تھا۔
اعلیٰ سطحی ملاقاتیں
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران ایئرچیف نے امریکی عسکری اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں پینٹاگون میں سیکرٹری آف دی ایئر فورس برائے بین الاقوامی امور، کیلی ایل سی بولٹ اور امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ ڈبلیو آلوِن شامل تھے۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ عسکری تعاون، مشترکہ تربیت، ٹیکنالوجی کے تبادلوں اور فضائی افواج کے باہمی انضمام کو بہتر بنانے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ادارہ جاتی تعاون اور تزویراتی مکالمہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ایئر چیف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہتی تعلقات، بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقیں، تربیت اور تبادلہ پروگراموں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور کیپیٹل ہل میں اہم گفتگو
ترجمان پاک فوج نے یہ بھی بتایا کہ ایئر چیف نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں بیورو آف پولیٹیکل ملٹری افیئرز کے براؤن ایل اسٹینلی اور بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے مسٹر ایرک میئر سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں جنوبی و وسط ایشیائی جیوپولیٹیکل منظرنامے پر پاکستان کے مؤقف، خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔
کیپیٹل ہل میں کانگریس مین مائیک ٹرنر، رچ میککورمک اور بل ہوزینگا سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان کے تزویراتی چیلنجز، علاقائی سیکیورٹی اور ٹیکنالوجیکل تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فضائیہ کا کلیدی کردار
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ایئر چیف کا دورہ پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت دینے، عسکری روابط میں اعتماد سازی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششوں کا واضح پیغام تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News