
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی 2025 تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر) کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں عوام کو ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور حساس مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دنوں میں دریائے سندھ، کابل، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ دریائے سندھ کے تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی جب کہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر بھی نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے ندی نالے خطرے میں
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ نوشہرہ میں دریائے کابل کا بہاؤ بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے باعث سوات اور پنجکوڑہ سمیت خیبرپختونخوا کے کئی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث ہل ٹورنٹس کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارش کے موسم میں ساحل پر سونامی جیسے رولنگ کلاؤڈ کا دلکش نظارہ
علاوہ ازیں بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب، کچھی اور موسیٰ خیل کے ندی نالے بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
گلگت بلتستان بھی متاثر ہونے کا خدشہ
این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں دریاؤں ہنزہ اور شیگر کے علاوہ ہسپار، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ان مقامات پر ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور راستوں کی بندش کا بھی امکان ہے۔
احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل
این ڈی ایم اے نے عوام سے درج ذیل حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ندی نالوں، پلوں، اور ڈوبی ہوئی سڑکوں سے ہر ممکن پرہیز کریں۔ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد قیمتی اشیاء اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کردیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کم از کم 3 سے 5 دن کی خوراک، پینے کا پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔ مقامی انتظامیہ کو فوری نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس تیار رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تازہ ترین معلومات کے لیے ٹی وی، موبائل الرٹس اور این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ پر نظر رکھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News