
اسلام آباد: چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام ایک خط میں شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کے خلاف پارلیمانی قیادت کے کردار کو سراہا ہے۔
ایئر چیف مارشل نے اپنے خط میں بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی کے قیام میں اسپیکر سردار ایاز صادق کے مؤثر اور مدبرانہ کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی قیادت کی جانب سے قومی اتحاد اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے مظاہرے پر پاک فضائیہ تہہ دل سے شکر گزار ہے۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ قومی اسمبلی کے معزز ارکان کی جانب سے پاک فضائیہ کی حمایت میں اظہارِ یکجہتی باعثِ فخر ہے، دشمن کی جارحیت کے مؤثر جواب پر پارلیمان اور قوم کی طرف سے جو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، وہ پاک فضائیہ کے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی کامیابیاں ربِ کریم کی خصوصی عنایت اور پوری قوم کے اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
ایئر چیف مارشل نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کو ایک مقدس قومی فریضہ قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ قومی اہداف کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی
انکا کہنا تھا کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور پاک فضائیہ ہر لمحہ ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ یہ خط اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اس خط کے جواب میں لکھا گیا ہے، جس میں انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔
اپنے پیغام میں اسپیکر نے افواجِ پاکستان، خصوصاً پاک فضائیہ کی جرات، بہادری، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا تھا، اور پارلیمان کی جانب سے غیر متزلزل حمایت و یکجہتی کا یقین دلایا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News