
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو 10 جولائی 2025 سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم نے ادارے کے ملازمین کے لیے علیحدگی کی صورت میں رضاکارانہ اسکیم (VSS) پیکج کی فوری فراہمی کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ تمام مستقل و کنٹریکٹ ملازمین کو ادارے کی بندش پر پُرامن طریقے سے علیحدہ ہونے کے لیے مکمل پیکج دیا جائے۔ یہ فیصلہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ ملک بھر کے تمام فعال یوٹیلیٹی اسٹورز 10 جولائی سے اپنی آپریشنل سرگرمیاں بند کرنا شروع کر دیں گے۔ اسٹورز پر موجود تمام اشیاء کو وئیر ہاؤسز میں منتقل کر دیا جائے گا تاکہ بعد ازاں یہ سامان متعلقہ دکانداروں کو واپس کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی اسٹورز کے 3 ہزار ملازمین فارغ
وئیر ہاؤسز میں موجود اشیاء کی منتقلی اور تقسیم اعلیٰ حکام کی نگرانی میں کی جائے گی تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ ساتھ ہی فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے اسٹورز اور دفاتر میں موجود آئی ٹی آلات بھی مکمل طور پر واپس لیے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹورز میں موجود ریکس اور دیگر قابل فروخت سامان کی نیلامی شفاف عمل کے ذریعے کی جائے گی۔ جو اسٹورز کرائے پر قائم ہیں، انہیں یکم اگست سے خالی کرنے کے باضابطہ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات کے لیے جنرل منیجرز آئی ٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ مکمل تخمینہ لگائیں۔ حکام کے مطابق یہ عمل شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عوام کو سبسڈی پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے والا سرکاری ادارہ ہے، جس کی بندش سے لاکھوں افراد متاثر ہوں گے۔ تاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ ادارہ خسارے کا شکار ہے اور اب اس کا برقرار رہنا ممکن نہیں رہا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News