 
                                                                              لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے راوی میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ 48 گھنٹوں میں جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی کے مقامات پر شدید صورتحال کی پیش گوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جسڑ کے مقام پر 1 لاکھ 11 ہزار کیوسک پانی مسلسل داخل ہو رہا ہے جبکہ شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ کی مقدار 46 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس وقت جسڑ پر اونچے درجے کا اور شاہدرہ پر نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ انتظامیہ نے لاہور، گجرانوالہ، ملتان، ساہیوال اور فیصل آباد ڈویژنز کے کمشنرز اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا، شکرگڑھ میں 80 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ داخل، الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ دریائے راوی کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلاء کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مساجد اور اعلانات کے ذریعے عوام کو ممکنہ صورتحال سے فوری آگاہ کیا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں جب کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 