
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطح اجلاس ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا جس میں ضمنی انتخابات اور پارٹی کی تنظیم نو پر مشاورت کی گئی جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد کو بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات پر آگاہ کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، احسن اقبال، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی، کیپٹن (ر) محمد صفدر، انوشہ رحمان، ڈاکٹر توقیر شاہ اور راشد نصراللہ بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ضمنی انتخابات، ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد کو بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا جب کہ نواز شریف نے ہدایت دی کہ اہم حکومتی و سیاسی فیصلوں میں دیگر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے اور رابطوں میں تیزی لائی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے وزیراعظم کو اگست میں سعودی عرب کے مجوزہ دورے سے متعلق اہم ہدایات دیں جب کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نواز شریف نے ہدایت دی کہ امن قائم کرنے کے لیے مقامی سیاسی قیادت اور قبائل کو اعتماد میں لیا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے ناراض رہنماؤں اور کارکنوں کے گلے شکوے دور کرنے کے لیے فوری رابطے کیے جائیں جب کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پارٹی کو یونین کونسل کی سطح تک منظم اور متحرک کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News